نائب صدر ایشیائی ترقیاتی بنک کا پیڈ مک آفس کا دورہ‘ نئی انڈسٹریل سٹیٹس کے قیام کے لئے تعاون کی یقین دہانی
لاہور(کامرس رپورٹر) ایشیائی ترقیاتی بنک کے نائب صدر ونسائی زانگ نے پنجاب میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیائی بنک پاکستان کی تعمیرو ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ایشیائی بنک کے نائب صدر نے صنعتکاروں اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتیں لگانے کیلئے پیڈمک کی طرف سے فراہم کئے جانے والی سہولتوں کو سراہا اور کہا کہ اینویسٹرز کو بین الاقوامی معیار کے مساوی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وہ گزشتہ روز پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کے ہیڈ آفس میں ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس کی صدارت بورڈ کے رکن عرفان قادری نے کی۔اس موقع پر پیڈمک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شہریار سلیم اور جنرل مینجر مارکیٹنگ اعجاز عظیم نے ایشیائی بنک کے نائب صدر کو آگاہ کیا کہ پیڈمک کے تحت صوبہ بھر میں آٹھ نئی انڈسٹریل اسٹیٹس تکمیل کے مراحل میں ہیں اور پیڈمک کے پلان کے مطابق آئندہ ڈیڑھ سے دو سالوں کے اندر اندر ان انڈسٹریل اسٹیٹس میں پانچ لاکھ سے زیادہ روزگار کے براہ راست مواقع پیدا ہوں گئے۔ اجلاس میں سندر اسٹیٹ میں کمبائنڈ ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ اور بجلی گھر کے منصوبوں کی تجاویز کو زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میںسندر انڈسٹریل اسٹیٹ بورڈ آف مینجمنٹ کے صدر آصف علی نے کاروباری برادری کو سندر اسٹیٹ میں دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔