جناب وزیر اعلیٰ پنجاب ہماری بھی سنیں‘ ہونہار طلباء کی فریاد
مکرمی! وزیر اعلیٰ یوتھ پروگرام کے تحت لاہور بورڈ نے میٹرک تعلیمی سیشن 2015-16ء کے میرٹ پر اترنے والے طلباء و طالبات میں 10778 لیپ ٹاپ تقسیم کئے ہیں۔ بلاشبہ یہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی تعلیم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے‘ ہونہار طلباء کی پذیرائی کی مثال کسی اور صوبے میں کم ہی نظر آتی ہے‘ زیر اعلیٰ پنجاب سے گزارش ہے کہ وہ فیڈرل بورڈ کے تحت 2015-16ء میں 90 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں بھی لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا اعلان کریں‘ لاہور کے کئی تعلیمی ادارے فیڈرل بورڈ کے ساتھ منسلک ہیں۔ جہاں ہر سال طلباء و طالبات کی فیڈرل بورڈ میں امتیازی پوزیشنز آتی ہیں۔ایسے ہونہار طلباء کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے‘ ماضی میں وزیر اعلیٰ یوتھ پروگرام کے تحت فیڈرل بورڈ کے ہونہار طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے تھے لیکن رواں برس ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا جس سے ہونہار طلباء احساس محرومی کا شکار ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی توجہ اس جانب مبذول کروانا چاہتے ہیں کہ ہم نے میٹرک کا امتحان فیڈرل کے تحت 2015ء میں امتیازی نمبروں سے پاس کیا ہے اور ہمارے نمبر 90 سے 95 فیصد کے درمیان ہیں اور ہم وزیر اعلیٰ یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ کے حصول کیلئے میرٹ پر پورا اترتے ہیں لیکن لیپ ٹاپ کی تقسیم کا اعلان کرتے وقت فیڈرل بورڈ کے طلباء و طالبات کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ جس طرح انہوں نے لاہور بورڈ کے طلباء و طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیئے ہیں اسی طرح فیڈرل بورڈ کے طلباء و طالبات کو بھی لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے احکامات جاری کریں۔ ( محمد عظیم ساجد‘ رضوان یاسین‘ شعیب یعقوب،رانا نعمان لاہور)