کراچی میں نقل کرانے والے گروہ کے 6 کارندے گرفتار، رینجر اہلکار بھی شامل

کراچی میں نقل کرانے والے گروہ کے 6 کارندے گرفتار، رینجر اہلکار بھی شامل

کراچی (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے بوٹی مافیا کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے شاہ فیصل کالونی، کورنگی، نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد سے 6 افراد کو دھر لیا مگر مرکزی ملزم ہاتھ نہ آ سکے تاہم گرفتار 6 ملزمان سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کے انٹر بورڈ ملازمین کے ساتھ رابطے تھے۔ نقل روکنے کیلئے کئے گئے تمام ایکشن عملاً دھرے کے دھرے رہ گئے کیونکہ انٹر امتحانات میں نقل نہیں روکی جا سکی۔ سی ٹی ڈی کی کارروائیوں کے باوجود مزید واٹس ایپ گروپ بھی سامنے آ گئے ہیں۔ گورنمنٹ پریمیئر کالج کراچی میں نقل نہ کرانے پر اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔ پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔ دریں اثنا ترجمان رینجرزنے کہا ہے کہ گورنمنٹ پریمئر کالج کراچی میں نقل کے معاملے میں گرفتار شخص رینجرز اہلکار ہے، اہلکار کا بیٹا وہاں امتحان دے رہا تھا۔ جب یہ جھگڑا ہوا اہلکار سول کپڑوں میں تھا وہ بھی جھگڑے میں شامل ہو گیا۔ جھگڑے میں ملوث ہونے پر اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائیگی اور قواعد کے مطابق سزا بھی دی جائیگی۔ واقعہ میں کسی شخص کو کوئی زخم نہیں آیا۔