پنجاب میں فروغ تعلیم کیلئے قومی و بین الاقوامی تعلیمی کانفرنسوں کے انعقاد کا فیصلہ

لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے سکول ایجوکیشن کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کیلئے دنیا بھرکے مشہور ماہرین تعلیم سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے لاہور میں 9ستمبر کو قومی تعلیمی کانفرنس جبکہ 9نومبر کو یوم اقبال کے موقع پر عالمی تعلیمی کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان تعلیمی کانفرنسوں میں پاکستان اور دنیا بھر سے نامور ماہرین تعلیم شرکت کریں گے۔ ان کانفرنسوں کے انعقاد سے فروغ تعلیم کے عمل کومزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میںمنعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری سکولوں میں سمارٹ ڈیجیٹل بورڈز کی تنصیب سے طالبعلموں کی تعلیم میں دلچسپی بڑھے گی اور وہ خوشگوار ماحول میں پڑھیں گے۔ پنجاب کے سرکاری سکولوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا کے بہترین اداروں سے منسلک کیا جا رہا ہے۔