پنجاب کے17 ہزار سکولوں کو سولر پینل سے روشن کرنے کا فیصلہ
17ہزار سکولوں میں سولر پینل لگانے کا آغاز جنوبی پنجاب سے ہوگا۔ شہبازشریف‘ خادم پنجاب سکولز پروگرام کے تحت طالبات کو وظائف کی فراہمی اور سکولوں میں اضافی کمرے بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
پنجاب بھر میں 17ہزار سکولوں کو سولر پینل لگا کر روشن کرنا ایک بہت بڑا کام اور اعلیٰ منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی طرف سے اس کام کا آغاز جنوبی پنجاب سے شروع کرنے سے اس علاقے میں حکومت کی طرف سے توجہ نہ دینے اور ترقیاتی کاموں میں کمی کا تاثر دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں سکولوں کی حالت بہتر بنانا اور وہاں طلبہ کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سے نئے کمروں کی تعمیر بھی وقت کی ضرورت ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے خادم پنجاب سکولز پروگرام کے تحت اگر پسماندہ علاقوں میں سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت‘ وہاں پانی اور بجلی سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اگر اساتذہ کی کمی بھی دور کی جائے تو پڑھا لکھا پنجاب کا خواب پورا ہوسکتا ہے۔ اسی طرح طالبات میں وظائف کی فراہمی سے لڑکیوں میں تعلیم کا شوق پیدا ہوگا۔ امید ہے حکومت پنجاب کی طرف سے پنجاب کے سکولوں میں سولر پینل سے بجلی کی فراہمی جیسے منصوبوں سے غریب عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو گی اور طلبہ کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات ملے گی۔