سندھ حکومت کا سرکاری سکولوں میں 6ہزار اساتذہ بھرتی کرنیکا فیصلہ

کراچی(آئی این پی ) سندھ حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی تقرریوں اور تبادلے پر پابندی اور 6 ہزار نئے اساتذہ کی بھرتی کا فیصلہ کیا ۔ کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکریٹری ایجوکیشن نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 5 ہزار384 سکولز بند ہیں جن میں سے 4 ہزار 123 کھولنے کے قابل ہیں اور وزیراعلی کی ہدایات اور مدد سے گزشتہ 2 ماہ میں ایک ہزار 261 سکولز کھولے گئے ہیں جبکہ محکمہ تعلیم میں 26 ہزار اسامیاں خالی ہیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صرف سکولوں کا کھلنا کافی نہیں بلکہ وہاں پر تعلیمی سرگرمی بھی زوروشور سے ہونی چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے اساتذہ کے ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی لگا تے ہوئے کہا کہ جن سکولزمیں اساتذہ کی تعداد زیادہ ہے وہاں سے ان سکولوں میں بھیجا جائے جہاں کمی ہے۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں اب سکولوں کے اچانک دورے کروں گا اوردیرسے کام کرنے سے مسائل ہیں تو فجرپڑھ کرکام شروع کرسکتا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نئے اساتذہ بھرتی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے مارچ 2017ءتک 2 ہزار بند سکولز کھولنے کا ہدف دیدیا، محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی بھرتی میرٹ پر ہوگی۔
سندھ سکول