سابق حکومتوں نے نوجوانوں کو خواب دکھائے، اختلافات بھلا کر بچوں کے مستقبل کے لئے لائحہ عمل بنانا ہو گا: نوازشریف

سابق حکومتوں نے نوجوانوں کو خواب دکھائے، اختلافات بھلا کر بچوں کے مستقبل کے لئے لائحہ عمل بنانا ہو گا: نوازشریف

اسلام آباد (نامہ نگار + ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ریاضی اور سائنس پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، مستقبل میں معاشی میدان میں بہت سخت مقابلے کا سامنا ہو گا، جدید علوم پر توجہ نہیں دی تو ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے، پورے ملک کے تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات اور طلبہ کو جدید علوم سے آراستہ کیا جائے گا، جہالت کے اندھیروں سے نکل کر علم کی روشنی سے منور مستقبل کا حصول صرف اسی صورت ممکن ہے جب ہمارے نونہال ایسی معیاری تعلیم حاصل کر سکیں جو زندگی کے ہر شعبہ میں رہنمائی فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم آفس میں ’’21ویں صدی کیلئے مضبوط پاکستان کی تیاری‘‘ کے موضوع پر تقریب میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ نوازشریف نے کہا کہ تعلیم کا موضوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے ‘ریاضی اور سائنس ہمارے لئے اجنبی اصلاحات نہیں‘ ان علوم کی جڑیں بہت گہری ہیں اور بلاشبہ ہمارے مستقبل کا دارومدار بھی انہی علوم میں مہارت پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے خطہ میں رہتے ہیں جس کی تہذیب اور ورثہ صدیوں پرانے ہیں اور یہ تہذیب مختلف علوم میں مہارت کی حامل تھیں۔ دنیا سے جہالت کا اندھیرا ختم کرنے کیلئے نبی کریمؐ کا ظہور ہوا اور ان کے وسیلہ سے عرب سے پوری دنیا میں نور پھیلا، قرآن پاک میں جابجا تحقیق اور غور و فکر کرنے پر زور دیا گیا اور اسی ثقافتی تسلسل کے نتیجہ میں اسلامی دنیا میں ماہر فلکیات، ریاضی دان، ماہرین حیاتیات اور طبیعات پیدا ہوئے۔ یورپی ادارہ برائے جوہری تحقیق (سرن) کے ماہرین نے پاکستان کو ایسوسی ایٹ ممبر کے طور پر تسلیم کیا ہے، اس اعزاز کا حامل پاکستان پہلا غیر یورپی ملک ہے اور اس اعزاز کا سہرا پاکستانی انجینئرز اور سائنسدانوں کو جاتا ہے جو دنیا میں تحقیقی اداروں میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں لیکن اس حقیقت سے بھی چشم پوشی نہیں کہ ماضی میں حکومتیں اس جانب خاطر خواہ توجہ نہیںدے سکیں کہ بدلتے زمانے میں غذائی تحفظ میں درپیش چیلنج سے کیسے نمٹنا ہے، ماحولیاتی خطرات کو کس طرح دور کرنا ہے اور سائنسی بنیادوں پر تعلیمی نظام اور صنعتوں کو منظم کرکے استحکام کیسے حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کے لئے اس ضمن میں لائحہ عمل بنانا ہے اور اس سلسلہ میں غفلت کا مظاہرہ کیا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ دنیا چوتھے صنعتی انقلاب کی تیاری کر رہی ہے، ریاضی اور سائنس کا ہر طرف چرچا ہے۔ بحیثیت وزیراعظم مجھے اس بات کا شدت سے احساس ہے کہ آنے والے وقت میں معاشی میدان میں سخت مقابلہ ہو گا، اگر ہماری افرادی قوت میں سوچنے اور کام کرنے کا طریقہ سائنسی اصولوں اور طریقوں پر نہیں ہو گا تو بدلتی دنیا کا مقابلہ نہیں کر پائیں گے۔ دقیانوسی سوچ کے ساتھ اور سائنس کے بغیر ہماری معیشت آگے نہیں بڑھ پائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں نوجوانوں کو نوکریوں کے خواب دکھائے لیکن تعلیم کے سٹرکچر پر توجہ نہیں دی گئی لیکن اب ہم جس روشن پاکستان کا خواب دیکھتے ہیں وہ خواب میٹرک تک تعلیم یا نوکریوں تک محدود نہیں بلکہ یہ نئی نسل میں تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے انہیں آگے بڑھنے اور قیادت کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر ریاضی و سائنس جیسے مضامین کی تعلیم کا معیار بلند کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا، بچوں کے مستقبل کے لئے مل کر کام کریں گے۔