جب تک تعلیم پر خرچ نہیں کرینگے، حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے : مجاہد کامران

لاہور (لیڈی رپورٹر):وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا ہے کہ جب تک ہم تعلیم پر پیسہ نہیں لگائیں گے تب تک ہمارے حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کے زیر اہتمام نئے داخل ہونے والے طلبائو طالبات کے اعزاز میں شیرانی ہال (اولڈ کیمپس) میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں کی سرپرستی صحیح طریقے سے نہیں کی جا رہی اگر ہمیں بین الاقوامی یونیورسٹیوں کا مقابلہ کرنا ہے تو تعلیم کے لئے پیسہ مختص کرنا ہو گا۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ 2007 میںپنجاب یونیورسٹی میں تحقیق کے لئے صرف 20 لاکھ روپے مختص تھے جبکہ اب 11 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ امریکہ اسی لئے غالب ہے کہ وہ نئے علم کی تخلیق اور عساکر پر سب سے زیادہ پیسے خرچ کرتا ہے۔ دریں اثناء وائس چانسلر نے پنجاب یونیورسٹی لائبریری کی سیکنڈ فلور کا افتتاح کر دیا ہے۔