بیکن ہائوس کے زیراہتمام سکول آف ٹومورو کانفرنس، دوسرے روز بحث و مباحثہ، انٹرویو، مذاکرہ

لاہور (پ ر) بیکن ہائوس سکول سسٹم کے زیراہتمام 3 روزہ سکول آف ٹو مورو کانفرنس جاری ہے۔ دوسرے روز مذاکرات، انٹرویو اور بحث و مباحثہ کا انعقاد ہوا جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور دیگر نے شرکت کی۔ پہلے سیشن کے مہمان خصوصی مشہور اداکار فواد خان نے کہا کہ دوسروں کی رائے پر اپنی رائے کو قائم کرنے کی بجائے مطالعہ بڑھائیں۔ مذاکراہ ’’وہ صبح کبھی تو آئے گی‘‘ میں وزیر ترقیاتی امور احسن اقبال، ممبر قومی اسمبلی عذیر احمد اور کالم نویس امتیاز احمد نے شرکت کی۔ سب کی مشترکہ رائے میں اس صبح کی نوید افق پر نظر آنا شروع ہو چکی ہے جس میں ہماری نوجوان نسل محفوظ زندگی گزارے گی۔ آزادی اظہار پر پابندیاں ہونی چاہیے کے عنوان سے مباحثہ میں مقررین اور شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آزادی رائے پرکسی حد تک پابندیاں ضرور ہونی چاہیے تاکہ اخلاقی اقدار کو مدنظر رکھا جائے۔ سابقہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے انٹرویو میں کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی شناخت پر فخر ہونا چاہیے۔ شاعر اور کالم نویس امجد اسلام امجد نے کہا کہ ہمیں رومن اردو میں پیغامات رسانی کی بجائے اردو فونٹ کو جدید سوشل میڈیا کا حصہ بنانا چاہیے۔ شرکاء نے بیکن ہائوس نیو لینڈرز میں فارن فلم فیسٹول میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔