تمام سکولوں کے طلبا کا منشیات ٹیسٹ لازم قرار دینے کیلئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

لاہور (صباح نیوز) تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان حکومت سے تمام سکولوں کے طلباء کا منشیات ٹیسٹ لازم قرار دینے کے علاوہ ہر سکول میں ماہر نفسیات کو بھی تعینات کرنے کے لئے قانون سازی کا بھی مطالبہ کرتا ہے، ایک رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے سکولوں میں53فیصد بچے منشیات کے عادی ہیں، نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے فوری اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے ورنہ یہ لعنت پورے ملک میں پھیل سکتی ہے۔ منشیات کی اِس لہر کے خلاف باقاعدہ جنگ شروع کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہمارے بچوں کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے۔