علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا لاہور کیمپس میںبصارت سے محروم طلبا کیلئے خصوصی مرکز قائم

لاہور(لیڈی رپورٹر) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی لاہور کیمپس میںبصارت سے محروم طلبا کے لیے خصوصی مرکز قائم کر دیا گیا بصارت سے محروم طلبا ڈیجیٹل لائبریری کی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہو ئے جدیدتحقیق پر مشتمل کتابوں کے نئے ایڈیشن سے مستفید ہو سکیں گے۔ علامہ اقبال اوپن یو نیورسٹی کے وائس چانسلر شاہد صدیقی نے ای لائبریری اور سپیشل طلبا کے لیے خصوصی رسائی مرکز کا افتتاح کیا۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے بتایا کہ بصارت سے محروم طلبا کے لیے ڈیجیٹل لائبریری کی سہولت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تمام ریجن میں فراہم کی گئے ہے بعدازاں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی لاہور کیمپس میں اوپن ڈے کی تقریب میں طلبا اور اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلبا کو اوپن یونیورسٹی میں رواں مالی سال کے جاری داخلوں کے مواقع سے آگاہ کیا گیا۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی لاہور کے ریجنل ڈائریکٹر رسول بخش بہرام نے اوپن ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا قیام عوام کے لیے نعمت سے کم نہیں۔