غربت، بیروزگاری اور جہالت سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے: شہباز شریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ غربت، بے روزگاری اور جہالت جیسے چیلنجز سے نمٹنے کا واحد ذریعہ تعلیم ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں شعبہ تعلیم کو پائیدار بنیادوں پر استوارکرنے کیلئے ٹھوس پالیسی اپنائی ہے۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ فنڈ ذہین مگر کم وسیلہ طلبا و طالبات کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وسائل نہ رکھنے والے ڈیڑھ لاکھ طلباء و طالبات کو اب تک اربوں روپے کے تعلیمی وظائف دیئے جا چکے ہیں اور اس بے مثال پروگرام سے قوم کے بچے اور بچیاں ملکی و غیرملکی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فنڈ کی رقم کا مجموعی حجم رواں برس 20 ارب روپے ہوجائے گا اور اس فنڈ کی آمدن سے رواں برس تعلیمی وظائف حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی تعداد 2 لاکھ ہو جائے گی۔ وہ منگل کو مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کیلئے قائم کئے جانے والے ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی مثال ایشیا میں نہیں ملتی اور یہ خطے کا سب سے بڑا اور منفرد تعلیمی فنڈ بن چکا ہے۔ تیز رفتار ترقی اورمضبوط معیشت کا ہدف فروغ تعلیم سے ہی ممکن ہے۔ علم کے دیے جلا کر ہی ملک و قوم کے مستقبل کو تابناک بنائیں گے۔ پنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں آزاد کشمیر،گلگت بلتستان اور پاکستان کے دیگر صوبوں کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے ملک میں یگانگت اور یکجہتی کو فروغ مل رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے لاہور میں وسیع قطعہ اراضی پر نالج پارک کے قیام کا عظیم الشان منصوبہ بنایاہے۔ وزیراعلیٰ نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ استاد کو روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے اور قوم کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے والی ہستی کا نام استاد ہے۔ اساتذہ کو قوم کا معمار کہا جاتا ہے‘ تعلیم دینا صرف پیشہ نہیں بلکہ عبادت اور قومی ذمہ داری ہے اور ٹیچر ہی طالب علم کو زندگی گزارنے کے طریقے اور زندگی کے مقصد سے روشناس کرانا ہے۔ آنے والے دور کی جنگیں توپوں اور ٹینکوں سے نہیں لڑی جائیں گی بلکہ افکار، خیالات اور ایجادات کے ذریعے لڑی جائیں گی۔