پاکستان‘ ماریشس کے درمیان تجارت‘ تعلیم‘ صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (ایجنسیاں) صدر ممنون حسین اور ماریشس کی صدر ڈاکٹر امینہ فردوس کے درمیان تعلیم ، صحت اور تجارت کے شعبوں میں تعلقات بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ یہ اتفاق رائے صدر ممنون حسین اور ماریشس کی صدر ڈاکٹر امینہ فردوس کے درمیان ون ٹو ون اور وفود کی سطح پر ملاقات میں طے پایا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان ماریشس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے پاکستان اور ماریشس کے خوشگوار تعلقات دہائیوں پر پھیلے ہوئے ہیں۔ اب ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی حجم صلاحیت سے کم ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان فری ٹریڈ معاہدہ ہونا چاہیے تاکہ دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہو سکے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز اور ماریشس چیمبرز کے درمیان ادارہ جاتی سطح پر روابط خوش آئند ہیں۔ پاکستان اور ماریشس کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کا آغاز بھی ہونا چاہیے تاکہ تجارت ، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ یہ بات باعثِ مسرت ہے کہ پاکستان ماریشس کے مالیاتی سیکٹر میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایک بڑے پاکستانی بینک کی تین شاخیں بھی وہاں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی معا لجین بھی ماریشس میں انسانیت کی خدمت کے لیے مفت خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ صدر نے طب، انجینئرنگ اور فارمیسی کے شعبوں میں ماریشسی طلبا کی پاکستانی اداروں میں تربیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان مستقبل میں بھی ماریشسی طلبا اور ڈپلومیٹس کو تعلیم و تربیت مہیا کرے گا۔ پاکستان اور ماریشس بین الاقوامی سطح پر بہت سے معاملات میں ایک ہی موقف رکھتے ہیں دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ طلبا، ماہرین تعلیم ، کاروباری افراد اور پارلیمنٹیرینز کی سطح پر زیادہ سے زیادہ تبادلہ ہو تاکہ تعلقات عوامی سطح پر بھی مضبوط ہوں۔ صدر نے مہمان صدر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جس میں صدر آزاد کشمیرسراد محمد یعقوب ، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیر مملکت انوشہ رحمان، مشیر خارجہ طارق فاطمی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مہمان صدر ڈاکٹر آمینہ فردوس نے تجویز کیاکہ ماریشس میں ہفتہ پاکستان منایا جانا چاہیے جس میں پاکستانی ثقافت ، معاشرت اور اشیاکی نمائش کی جائے۔ مہمان صدر نے صدر ممنون حسین کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور انہیں دورہ ماریشس کی دعوت دی جسے صدر نے قبول کیا۔ ماریشس کی صدر نے پاکستانی تعلیمی اداروں خاص طور پر حسین جمال ابراھیم انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کو شاندار ادارہ قرار دیا۔اس سے قبل صدر ممنون حسین نے ماریشس کی صدر ڈاکٹر امینہ فردوس کا ایوان صدر پہنچنے پر مرکزی دروازے پر استقبال کیا۔ اس موقع پر روائتی الباس میں ملبوس بچوں نے مہمان صدر کو گلدستے پیش کیے۔ مہمان صدر کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ماریشس کی صدر ڈاکٹر بی بی امینہ فردوس اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئیں آج جامعہ کراچی کا دورہ کریں گی۔ ائر پورٹ پر وزیراعلی سندھ کی معاون خصوصی شرمیلا فاروقی نے ماریشس کی صدر کا استقبال کیا۔ ماریشس صدر آج صبح مزار قائد پر حاضری دیں گی۔