سکول مالکان کیخلاف مقدمات اور نوٹسز واپس نہ لئے تو احتجاج شروع کر دیں گے: ادیب جاودانی

لاہور (پ ر) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جاودانی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکم فروری کو حکومت پنجاب اور پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کے درمیان مذاکرات کے بعد حکومت پنجاب کی جانب سے ایک ایس او پی جاری کیا گیا تھا جس میں پرائیویٹ سکولوں کے خلاف درج تمام مقدمات واپس لینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پنجاب حکومت نے اس پر عملدرآمد نہیں کیا اور تعلیمی اداروں میں پولیس کے چھاپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ حکومت اگرچاہتی ہے کہ تعلیمی ادارے اپنی حفاظت کے انظامات خود کریں تو حکومت ان پر لگائے گئے تمام ٹیکس ختم کر دے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت نے پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کے خلاف دائر مقدمات اور ان کو بھیجے ہوئے شوکاز نوٹسز واپس نہ لئے تو پاکستان بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔