پنجاب میں دوسری سے پانچویں جماعت کا سلیبس تبدیل

لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب میں دوسری سے پانچویں کلاس کا سلیبس تبدیل کر دیا گیا۔ سلیبس کی تبدیلی سے طلبہ کو کتابوں کی بروقت فراہمی میں تاخیر کا خدشہ ہے 17کتابیں پنجاب کری کلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی تیار کردہ ہیں دکانوں پر کتابوں کی موجودگی یقینی بنانا بورڈ کی ذمہ داری ہے اس حوالے سے بورڈ کی جانب سے تاحال کوئی موثر پلاننگ نہیں کی گئی سلیبس کی تبدیلی سے قبل 17کتابیں پرائیوٹ پبلشرز کی تھیں اور مارکیٹ میں کتابوں کی موجودگی یقینی بنانا بھی انہیں پرائیوٹ پبلشرز کی ذمہ داری تھی کتابیں سلیبس سے نکالنے پر پرائیوٹ پبلشرز میں شدید غم و غصہ ہے اور نئی کتابوں کی فراہمی کو ناممکن بنانے کیلئے پرائیوٹ پبلشرز نے پلان اے، بی اور سی بنالیا ہے ان پلانز کی کامیابی سے کتابوں کی بروقت فراہمی ممکن نہیں ہو سکے گی سلیبس میں نئی شامل ہونیوالی کتابوں میں بڑی پیمانے پر غلطیوں کا بھی اندیشہ ہے ماضی میں بھی پنجاب کری کلم اینڈٹیکسٹ بک بورڈ کی پھرتیوں کی وجہ سے کتابوں میں شاعر مشرق علا مہ اقبال کی تاریخ پیدائش غلط لکھی گئی اور پاکستان کا غلط نقشہ شائع کیا گیا۔ سلیبس کی تبدیلی کیلئے دن رات کام کرنے والے سابقہ ایم ڈی نوازش علی کو پہلے ہارٹ اٹیک اور پھر بائی پاس ہونے پر تبدیل کر تے ہوئے او ایس ڈی بنا دیا گیا اور احمد علی کمبوہ کو نیا ایم ڈی پنجاب کری کلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ تعینات کیا گیا ہے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے احمد علی کمبوہ نے کہا کہ کتابوں کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوششیں کر رہا ہوں امید ہے کامیابی ہوگی۔