نیوز

04 فروری 2016

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور اس کی معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے قومی یونیورسٹیاںاور آئی بی اے جیسے ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ صدر پاکستان ایوان صدر میں ہائر ایجوکیشن کمشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، ڈاکٹر معصوم یوسف زئی ریکٹر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی، ڈ اکٹر شاہد صدیقی وائس چانسلر علامہ اقبال یونیورسٹی اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کے ڈین ڈاکٹر عشرت حسین سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ صدر نے ڈاکٹر مختار احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں اعلی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی خواہش مند ہے۔ صدر سے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈین اور ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین نے ملاقات کی اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ آئی بی اے اپنے اعلی تعلیمی معیار اور اپنے طلبا کی صحیح معنوں میں راہنمائی کرکے ایک اہم قومی فریضہ ادا کر رہا ہے۔ پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ میں آئی بی اے کا کردار بہت اہم ہے۔ صدر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی قومی سطح پر تعلیم کے فروغ میں بہت خدمات ہیں۔ دریں اثنا صدر مملکت سے ڈاکٹر معصوم یوسف زئی ریکٹر انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی سے بات چیت کرتے ہوئے اس یونیورسٹی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ اور اسلامی کورسز کا جاری کرنا اس ادارے کی نمایاں خدمات ہیں جو وہ ادا کررہی ہے۔


ڈیجیٹل فارمیٹ میں اس خبر کو پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں