تعلیم کے ہتھیار سے انتہا پسندی‘ دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے: شہباز شریف

تعلیم کے ہتھیار سے انتہا پسندی‘ دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتا ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف سے برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ و تجارتی تعلقات قائم ہیںاور پاکستان ان اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ برطانیہ کا تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، امن عامہ اور دیگر شعبوںمیں تعاون لائق تحسین ہے۔ پنجاب اور برطانیہ کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک کار میں اضافہ ہو رہا ہے اور میرا حالیہ دورہ برطانیہ سیاسی کیرئیر کا کامیاب ترین دورہ تھا- پنجاب میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے (ڈیفڈ) کے تعاون سے تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں جاری پروگرامز پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعے انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے رجحانات پر قابو پایا جا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے- پنجاب حکومت برطانیہ کے ساتھ سماجی شعبوں کی ترقی کے حوالے سے تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی خواہاں ہے پنجاب حکومت وسائل کی ایک ایک پائی دیانتداری سے عوام کی فلاح و بہبود پرخرچ کر رہی ہے نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق کیا ہے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ پوری قوم، سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکسو اور متحد ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی لازوال قربانیوں کی اقوام عالم میں نظیر نہیں ملتی۔ پاکستان میں انتہاء پسندی کی کوئی جگہ نہیں۔ پرامن اور تحمل و برداشت پر مبنی معاشرے کی تشکیل قائداعظم محمد علی جناحؒ کا وژن ہے اور پاکستان میں پرامن اور تحمل و برداشت پر مبنی معاشرہ کا قیام مشن ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے لیہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع، پی ٹی وی کے سابق پروڈیوسر، شاعر محمد عظیم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔