سیلو برادری نمل یونیورسٹی سٹیڈیم کیلئے زمین دیدے‘ حکومت میں آ کر لی تو معاوضہ بھی نہیں ملے گا : عمران خان

سیلو برادری نمل یونیورسٹی سٹیڈیم کیلئے زمین دیدے‘ حکومت میں آ کر لی تو معاوضہ بھی نہیں ملے گا : عمران خان

میانوالی (نامہ نگار+ ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے کہ بڑی سوچ انسان کو بڑا بناتی ہے۔ نیا پاکستان بنانا بڑی سوچ ہے۔ نظر آ رہا ہے کہ پورے پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت آنے والی ہے۔ حکمرانوں نے اتنا پیسہ جمع کر لیا ہے کہ اب انہیں مرنے سے ڈر لگتا ہے۔ نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مجھے نظر آ رہا ہے کہ بہت جلد پورے ملک میں تحریک انصاف کی حکومت آنے والی ہے۔ برادری سے کہتا ہوں کہ یونیورسٹی کے لئے جگہ دے دو۔ اگر جگہ نہ دی تو کچھ عرصے کے بعد ہماری حکومت آجائے گی تو سیکشن 4 لگا دیں گے تو پھر اس زمین کا معاوضہ نہیں ملے گا۔ پہلے میں منت کر رہا ہوں۔ زمین نمل کو دے دیں۔ یہاں ہم شاندار سپورٹس سٹیڈیم بنا دینگے۔ انسان کو اپنے دل کی آواز سننی چاہئے۔ اللہ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا ہے اور بڑی مشکل سے نکالا ہے۔ نوجوانو! پیسے کے لئے کبھی اپنی عزت کو نہ کھونا۔ خواب کی تکمیل کے پیچھے چلو صرف نوکری تک ہی اپنے آپ کو محدود نہ کر لینا۔ اپنے ضمیر پر کبھی سمجھوتہ نہ کرنا راستہ بھٹک جاﺅ گے۔ نمل یونیورسٹی ملک کو ٹیلنٹ فراہم کرنے جا رہی ہے۔ میرٹ کی بنیاد پر لوگوں کو اوپر لانا ہے۔ اپنی انا پر قابو پا کر انسان بڑا آدمی بنتا ہے۔ اپنی انا کے بت کو توڑنا ہی سب سے بڑے بت کو توڑنا ہے۔ قائد اعظمؒ نے ملک اپنے لئے نہیں قوم کے لئے بنایا ہے۔ میں نے بھی کوئی کام اپنے لئے نہیں کیا اس ملک کے لئے کیا ہے۔ حکمرانوں کی طرز زندگی پر ترس آتا ہے۔ معاشرے میں ایسا سسٹم بنا دیا گیا ہے جس کے پاس پیسہ ہوتا ہے تو اچھی تعلیم مل جاتی ہے لیکن غریب کا بچہ اوپر نہیں آ سکتا۔کانووکیشن میں ضلع مےانوالی سے پی ٹی آئی کے اےم اےن اے امجد علی خان، اےم پی اے ملک احمد خان بھچر، اےم پی اے ڈاکٹر صلاح الدےن خان سمےت دےگر شخصےات نے شر کت کی۔
عمران خان