مری میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال اور میڈیکل کالج جلد تعمیر کیا جائے:حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ ضلع مری کے تمام ترقیاتی امور کو تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے اور تمام محکمے سٹیٹ آف دی آرٹ اور معیاری کام کو یقینی بنائیں۔ مری میں 38کنال اراضی پر جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال اور میڈیکل کالج کی تعمیر کیلئے تیزی سے پیش رفت کی جائے اور پہلے سے موجود تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کیا جائے۔ حمزہ شہباز نے ضلع مری کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئے درخت نہ کاٹنے کی پالیسی پر عمل کیا جائے، ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن مری کے لئے مربوط پلان وضع کرے ۔ حمزہ شہباز نے مری میں واٹر سپلائی کے ساتھ واٹر لیکیج کےلئے 30نومبر تک لائینوں کو ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بستال موڑ سے پنڈی پوائنٹ، لوئر ٹوپہ سے کوہالہ روڈ ،سنی بنک ٹو کلڈانہ اور دیگر سڑکوں کی تعمیر کے کاموں کا جائزہ لیا۔ حمزہ شہباز نے مری میں بہترکارکردگی پر کمشنر راولپنڈی اور سیکرٹری مواصلات کو شاباش دی۔ انہوں نے افسروں سے کہاکہ مری کے ترقیاتی کاموں میں بھی میٹرو راولپنڈی جیسی شاندار کارکردگی کی ضرورت ہے تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام مکمل کیا جاسکے ۔حمزہ شہباز نے مری میںجی پی او کی تزین و آرائش، سٹریٹ لائٹس، مال روڈ پر دکانوںکے سروے، کیفے کو آپریشنل کرنے اور دیگر امور پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور ہاﺅسنگ ڈیپارٹمنٹ کو اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مری کے ترقیاتی منصوبوں کے آئندہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم کریں گے۔ حمزہ شہباز نے تمام محکموں کے سربراہوں کو جاری منصوبوں کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی تاکہ مقررہ وقت کے اندر ترقیاتی کام مکمل ہو سکیں۔
حمزہ شہباز