انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام دوسری سالانہ روبوٹ نمائش
لاہور (لیڈی رپورٹر) انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام گذشتہ روز ”مستقبل کی مشینیں“ کے نام سے دوسری سالانہ روبوٹ نمائش منعقد ہوئی جس میں انجینئرنگ و کمپیوٹر سائنس کے انڈر گریجویٹ طلبا و طالبات نے اپنے15 فن پارے نمائش کے لئے رکھے ہیں ۔نمائش کا افتتاح معروف کمپیوٹر سائنسدان ڈاکٹر بی ایس چوھدری نے کیا۔ انہوں نے بچوں کے تخلیقی کام کی تعریف کی اور اسے غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بہت اہم قرار دیا۔ وائس چانسلر آئی ٹی یونیورسٹی ڈاکٹر عمر سیف نے نمائش کے افتتاح کے موقع پر شرکا ءکی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مصنوعات مستقبل میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے تعلق رکھتی ہیں جو کہ انسانی مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہونگی۔ آئی ٹی یونیورسٹی کو محض ایک درسگاہ کی بجائے فلاحِ انسانیت کا مرکز بنائیں گے۔ نمائش میں رکھے گئے روبوٹس میں آگ بجھانے، گیس کی تشخیص، کاربن کے اخراج کی تشخیص، بم کو ناکارہ بنانے اور بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کی صلاحیت کے حامل زیادہ اہم ہےں۔ اس موقع پر نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی اور مدثر نذر نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا۔