پنجاب یونیورسٹی میں بلوچ طلبہ کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں: مجاہد کامران
لاہور ( سٹاف رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی بلوچ طلبہ نے گزشتہ روز بلوچستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے ادارہ تعلیم و تحقیق کے باہر’ بلوچ کلچرل ڈے‘ منایا اس موقع پر بلوچ طلبہ کے ساتھ دوسرے طلبہ بھی بڑی تعدادمیں موجود تھے جنہوں نے ثقافتی سٹالز لگائے اور روایتی نغموں پر رقص کیاوائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے بھی سٹالز کا دورہ کیا اور بلوچ طلبہ سے ملاقات کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہدکامران نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے صوبہ بلوچستان کو بے پناہ معدنی وسائل سے نواز رکھا ہے لیکن بدقسمتی سے ہم ان وسائل سے فائدہ حاصل کرنے میں ناکام رہے انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں شعبہ تعلیم میں خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کی موجودہ انتظامیہ بلوچ طلبہ کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کر رہی ہے اس سلسلے میںبلوچ طلبہ کے لئے تقریباً ہر پروگرام میں ایک ایک سیٹ مختص ہے اس کے علاوہ ہاسٹلز میں رہائشی سہولیات کے ساتھ 3ہزار روپے بطور وظیفہ بھی دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بلوچ کلچر ڈے پر منعقدہ تقریب کے لئے پنجاب یونیورسٹی بلوچ طلبہ کی کاوشوں کو سراہا