رواں سال بھی پانچویں، آٹھویں جماعت میں مطالعہ پاکستان کا امتحان نہ لینے کا فیصلہ

لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب ایگزامینیشن کمشن نے گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی ایجوکیشن پالیسی کے برعکس پانچویں و آٹھویں کے بورڈ امتحانات میں مطالعہ پاکستان کا امتحان نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے یوں پنجاب بھر کے طلباءتحریک پاکستان کےلئے مسلم لیگ کے رہنماﺅں کی کوششوں، قیام پاکستان کےلئے مسلمانوں کی قربانیوں اور جد وجہد، ہندو انگریز منافقانہ گٹھ جوڑ اور بہت سی مفید معلومات سے دور ہو رہے ہیں۔ مطالعہ پاکستان لازمی مضمون ہونے کے باوجود اسے نظر انداز کرنے پر م¶رخین، اساتذہ اور والدین میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ یاد رہے پانچویں اور آٹھویں کے بورڈ امتحانات کا مقصد پانچویں اور آٹھویں کی سطح پرملکی تاریخ، ثقافت، جغرافیہ، قومی ہیروز  کی کوششیں طلبا کو ذہن نشین کرنا ہے۔ گزشتہ سال یہ اچانک ختم کر دیا گیا ہے۔پنجاب ایگزامینیشن کمشن کے ترجمان شہزاد ملک کا کہنا ہے کہ مطالعہ پاکستان کا بورڈ کا پیپر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی منظوری سے ختم کیا گیا ہے اور اس کا پیپر سکول کی سطح پر لیا جائے گا۔ پنجاب ایگزامینیشن کمشن کے زیر اہتمام 21 فروری کو پانچویں اور 27 فروری کو آٹھویں کے سالانہ بورڈ کے امتحانات شروع کئے جا رہے ہیں۔ امتحانی شیڈول کے مطابق ریاضی، سائنس، اردو، انگلش اور اسلامیات کے امتحان لئے جائیں گے جس کیلئے پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 9100 سنٹر بنائے گئے ہیں جس میں پانچویں کیلئے 5 ہزار اور آٹھویں کیلئے 4100 ہیں۔