کالجز میں بہترین تعلیمی نظام متعارف اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے: ڈاکٹر نظام الدین
لاہور (سٹاف رپورٹر) چئیرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمشن پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین نے کہا ہے کہ سرکاری کالجز میں بہترین تعلیمی نظام متعارف کرانا اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہو گی وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف سوشیالوجی میں صوبائی ہائر ایجوکیشن کمشن کے کردار پر منعقدہ سیمینار سے شرکاء کو آگاہ کر رہے تھے تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، ڈین فیکلٹی آف بیہوریل اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ کالجوں کو ری سٹرکچر کرنا اور ری آرگنائز کرنا بہت مشکل چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کہ 516 سرکاری کالجوں کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے سرکاری کالجوں کا بی اے کا رزلٹ 30 فیصد جبکہ 1500 نجی کالجز کا 85فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالجوں میں جاری چار سالہ پروگرام کی کامیابی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ میٹرک کے بعد 4 سالہ ڈگری پروگرام شروع کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کالجز سسٹم کو فروغ دینا چاہتے ہیں جس سے لوگوں کو روزگار اور سستی تعلیم ملے گی انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا اداروں کی جانب سے تین سالہ ڈگری کو چار سالہ باقاعدہ ڈگری کرنا چاہتے ہیں اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کر کے کالجوں کو اس سے الحاق کر دیا جائے گا اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔