سکول میں خودکش حملہ ناکام بنانیوالا طالبعلم اعتزاز 2 0 1 4ءکی بہترین شخصیت قرار

 واشنگٹن (آئی این پی) ’ہیرالڈ‘ نے سکول میں خود کش حملے کو ناکام بنانے کی کوشش میں جان کی بازی ہارنے والے طالبعلم اعتزاز حسن کو 2014 کے لیے بہترین شخصیت منتخب کرلیا ۔گزشتہ سال جنوری میں ہنگو کے سکول پر خود کش حملہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن جانباز اعتزاز نے حملہ ناکام بنانے کے لیے اپنی جان کی بازی لگا دی۔ ووٹنگ کے لیے آن لائن، بذریعہ پوسٹ اور 10 نامور پاکستانیوں پر مشتمل پینل کی رائے کو مدنظر رکھا گیا۔حتمی نتیجے میں اعتزاز 24.1 فیصد ووٹ لے کر سرفہرست رہے جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان محض چند ووٹ کی کمی سے دوسرے نمبر پر رہے۔عمران خان کو سال 2014 میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی تحریک چلانے پر اس فہرست کا حصہ بنایا گیا تھا۔اس فہرست میں شامل دیگر امیدواروں میں توہین مذہب مقدمے کی پیروی کے دوران قتل کیے جانے والے راشد رحمان کے ساتھ سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں تیسرے نمبر پر آنے والے لیاری کے فٹبالر بھی شامل تھے۔ دیگر شخصیات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، تجربہ کار کرکٹر یونس خان اور رواں سال مقامی فلموں میں ڈیبیوں کرنے والے ڈائریکٹرز شامل ہیں۔نوبیل انعام یافتہ اور 2012ءمیں ہیرالڈ کی بہترین شخصیت کا اعزاز حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی نے اعتزاز حسن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں بہادر لوگوں کی کمی نہیں۔ اعتزاز کی کہانی ہمت، بہادری اور جرات کی تابندہ مثال ہے۔
ہیرالڈ