پشاور: آرمی سکول پر حملے کیخلاف سول سوسائٹی کے مظاہرے‘ دھرنے‘ پویس سے ہاتھا پائی

پشاور(این این آئی) سانحہ پشاور کے خلاف سول سوسائٹی کی کال پر شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑکیں بند کر دیں ، پولیس نے دو خواتین سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ آرمی پبلک سکول میں دہشت گردوں کے حملے کیخلاف غم زدہ شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے صبح سویرے ہی یونیورسٹی روڈ ، صدر ، چارسدہ اور جی ٹی روڈ سمیت آٹھ مختلف مقامات پر دھرنا دے دیا۔ مظاہرے کے شرکاء نے رکاوٹیں اور ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ، جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سکول حملے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے۔ سڑکوں کی بندش پر پولیس متحرک ہو گئی اور صدر روڈ پر مظاہرین سے زبردستی راستہ کھلوایا۔ مختلف مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ پولیس نے مختلف مقامات سے دو خواتین سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ شہر میں احتجاج کے باعث مختلف بازار جزوی طور پر بند رہے۔ایس ایس پی آپریشنز پشاور نجیب الرحمن بھگوی نے بتایا کہ مظاہرین کو پر امن احتجاج کی اجازت دی گئی تھی اور انھیں پر امن مظاہرے کرنے کے لئے مکمل سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی تاہم کسی کو شاہراہیں یا بازار بند کرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن مظاہرین کو گرفتارکیاگیا ہے انہیں جلد ضمانت پر رہا کر دیاجائے گا۔ مظاہرین کے تشدد سے نجی چینل کے 4صحافی بھی زخمی ہو گئے۔