ملک میں یکساں نظام تعلیم اور یکساں نصاب پر توجہ نہیں دی جا رہی ، ہمدردشوریٰ

لاہور( لیڈی رپورٹر ) ترقی پذیر ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جہاں چار سے پانچ مختلف نظام تعلیم چل رہے ہیں، کسی نے یکساں نظامِ تعلیم اور یکساں نصاب پر مخلصانہ توجہ نہیںدی جس سے ملک ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب گامزن ہے ، یکساںنظام تعلیم ونصاب کیلئے آئین کی اٹھارہویں ترمیم میں دوبارہ ترمیم کرکے تعلیم کوصوبوںسے لے کر وفاق کے سپردکیاجائے۔ان خیالات کا اظہار گذشہ روز شوریٰ ہمدرد کے اجلاس سے”فرسودہ اور طبقاتی نظامِ تعلیم- قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ “ کے موضوع پر ہمدرد مرکز لاہورمیںکیاگیا۔ اجلاس میںایس ایم ظفر ،بشریٰ رحمن،ڈاکٹر رفیق احمد،ادیب جاودانی، حنیف انجم ،برگیڈیئر (ر)حامد سعید اختر، ابصار عبدالعلی،قیوم نظامی، جنرل(ر)راحت لطیف،ڈاکٹر اے آر چوہدری، میجر (ر)صدیق ریحان،پروفیسر خالد محمو د عطاء،احمد علی قصوری ودیگرشامل تھے۔