ترقی پسند اور مہذب معاشرے کی بنیاد تعلیم ہے: میجر جنرل فدا حسین
لاہور(خبر نگار)جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل فدا حسین ملک نے کہا کہ تعلیم ایک ترقی پسند اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے اور اِس سے ہی ایک مثالی تہذیب و تمدن پنپتا ہے۔ ہمارے ملک کے مستقبل کا انحصار ہماری نوجوان نسل پر ہے اور ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم ایک روشن مستقبل کے لئے انھیں ایک صحت مند تعلیمی ماحول مہیا کرنے کے علاوہ اِن کی اخلاقی تربیت بھی کریں۔ اچھی تعلیم کا بنیادی مقصد ہماری نوجوان نسل کو اُن جدید علوم و اسلوب سے لیس کرنا ہے جس سے مسلح ہو کر وُہ اکیسویں صدی کے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکیں۔ وہ گذشتہ روز فیڈرل گورنمنٹ سکولز (FG Schools) لاہور کے طلبہ کی جانب سے لگائی گئی نمائش میں شرکت کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔