فیول ایڈجسٹمنٹ: نیپرا نے اکتوبر کیلئے بجلی 47 پیسے یونٹ سستی کر دی

فیول ایڈجسٹمنٹ: نیپرا نے اکتوبر کیلئے بجلی 47 پیسے یونٹ سستی کر دی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نیپرا نے اکتوبر کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 47 پیسے فی یونٹ بجلی کی قیمت کم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فرنس آئل کی قیمت میں کمی کی وجہ سے نیپرا نے بجلی کی قیمت کم کی گئی ہے۔ نیپرا کی عوامی سماعت کے دوران بتایا گیا کہ فرنس آئل کی قیمت کم ہونے سے آئی پی پیز کو چار ارب ستر کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی مد میں دو ارب اٹھارہ کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے جبکہ گیس کی مد میں آئی پی پیز کو ایک ارب ستر کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ دسمبر کے مہینہ میں بجلی کے بلوں پر اس قیمت میں کمی کا اطلاق ہو گا۔ نیپرا ذرائع کے مطابق نومبر کے مہینہ کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ مزید کمی کا امکان ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق کراچی الیکٹرک سپلائی کمیٹی اور لائف لائن صارفین کے سوا ملک بھر کی تقسیم کار کمپنیوں پر ہو گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے نیپرا کی طرف سے بجلی کے ٹیرف میں 47 پیسے کمی کے فیصلہ کو سراہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے عملی اقدامات کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ آئندہ ماہ تیل کی قیمتوں میں مزید کمی سے عوام کو مزید فائدہ حاصل ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئندہ مہینوں میں عوام کو مزید ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے۔ عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو فوائد پہنچانے کا عمل جاری ہے۔ آئندہ ماہ تیل کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی سے عوام کو بڑا فائدہ پہنچے گا۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات جاری رکھے گی۔