بھارتی گولہ باری جاری‘ فائرنگ کی آڑ میں بنکرز بنانے کی اجازت نہیں دینگے : پاکستان

بھارتی گولہ باری جاری‘ فائرنگ کی آڑ میں بنکرز بنانے کی اجازت نہیں دینگے : پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + این این آئی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے بھارت سرحد پر فوجی بنکر تعمیر کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔ بھارت کئی ہفتوں سے پاکستان کی بین الاقوامی سرحد اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کر رہا ہے جبکہ پاکستان دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے مو¿ثر جوابی کارروائی کر رہا ہے۔ پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا معاملہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اٹھایا ہے۔ ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا سارک سربراہ کانفرنس 26 اور 27 نومبر کو نیپال میں ہو رہی ہے، وزیراعظم نواز شریف کانفرنس میں شرکت کریں گے تاہم بھارتی وزیراعظم سے ان کی ملاقات کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ترجمان نے کہا اقوام متحدہ سے کہا ہے وہ اپنے فوجی مبصرین کو متحرک کرے۔ ملالہ یوسف زئی کو پاکستان آنے کی صورت میں قتل کرنے کے لئے طالبان کی جانب سے دی دھمکیوں کے حوالے سے انہوں نے کہا پاکستان پاکستانیوں کا ہے، ملالہ سمیت بیرون ملک کوئی بھی پاکستانی یہاں آ سکتا ہے، اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ بھارت اور ایران کے ساتھ کشیدگی کے حوالے سے انہوں نے کہا اس کا تقابل کیا ہی نہیں جا سکتا، ایران کے ساتھ ہمارے انتہائی دیرینہ تعلقات ہیں جبکہ بھارت کے ساتھ بنیادی نوعیت کے مسائل کی وجہ سے تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ چین کے صدر کا دورہ ملتوی ہوا ہے، منسوخ نہیں ہوا، ان کے دورے کے لئے نئی تاریخوں پر بات چیت ہو رہی ہے۔ چین میں آئندہ ماہ ایشیا پسیفک اکنامک کو آپریشن (اے پی ای سی) کا سربراہی اجلاس ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لئے چینی صدر نے وزیراعظم محمد نواز شریف کو دعوت دی ہے، توقع ہے وہ کانفرنس میں شرکت کریں گے تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ این این آئی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا بھارت ورکنگ باونڈری پر فائرنگ کی آڑ میں نومین لینڈ پر بنکرز تعمیر کر رہا ہے‘ افغانستان میں کسی مخصوص گروپ کی حمایت نہیں کر رہے۔ انہوں نے بتایا پاکستان ایل او سی پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔پاکستان بھارت مفاہمت کے تحت ورکنگ باو¿نڈری کے 500 میٹر کے اندر کسی تعمیر کی اجازت نہیں۔ ترجمان نے کہا طالبان کے خلاف بلاامتیاز بھرپور آپریشن کیا جا رہا ہے، افغان طالبان کو اسلحہ فراہم کرنے کا افغانستان کا الزام بے بنیاد ہے۔
سیالکوٹ/ چک امرو (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) ورکنگ باﺅنڈری لائن کے چاروا سیکٹر پر بھارتی سکیورٹی فورسز نے فائرنگ وگولہ باری کرکے پاکستانی دیہاتوں کو نشانہ بنایا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے صبح پونے نو بجے چاروا سیکٹر پر پاکستانی دیہات دھمال اور تلسی پور پر فائرنگ اور گولہ باری کی تاہم ان دیہات میں لوگوں کے موجود نہ ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔ چناب رینجرز نے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا۔ سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے سجیت گڑھ سیکٹر پر ٹھٹھی، مندروال، ٹھٹھی خورد، بھلوالی اور جونجی سمیت دیگر دیہات کے لوگوں نے بھارت کے خلاف احتجاج کیا اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے ورکنگ باﺅنڈری پر جارحےت کا سلسلہ جاری رکھا۔ گذشتہ روز شکرگڑھ سیکٹر کے جگوال، ابیال ڈوگر، سانبلی، ننگل، جنگو چک و دیگر علاقوں میں بھارتی فورسز بی ایس ایف نے بلا اشتعال فائرنگ کی۔ آن لائن کے مطابق عسکری ذرائع کا کہنا ہے بھارتی ناریان چیک پوسٹ سے دھمالا کے مقام پر چناب رینجرزکی اشرف شہید چیک پوسٹ پر بھارتی فوج کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی جبکہ سرحد پار سے چیک پوسٹوں اور سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ چناب رینجرز کی جانب سے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ورکنگ باو¿نڈری پرایک ہی دن میں دن مرتبہ خلاف ورزی کی گئی ۔بھارتی فوج کی جانب سے شکرگڑھ، چارواہ اور نکیال سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کاروائی کرتے ہوئے بھارتی بندوقیں خاموش کرا دیں۔

بھارتی فائرنگ