دبئی ٹیسٹ: اوپنرز ناکام‘ یونس خان کی سنچری‘ پاکستان کے 4 وکٹوں پر 219 رنز
دبئی (سپورٹس ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں جاری آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنا لئے ہیں۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ، مگر دونوں اوپنرز جلدی واپس لوٹ گئے۔ پہلی وکٹ ایک کے مجموعی سکور پر گری جب محمد حفیظ صفر پر مچل جانسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ 7 کے مجموعی سکور پر گری جب احمد شہزاد 3 رنز بنا کر پیٹر سڈل کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اوپنرز کی روانگی کے بعد یونس خان اور اظہر نے اننگز کو سنبھالا اور آہستہ آہستہ سکور میں اضافہ کرتے رہے۔ دونوں نے 108 رنزکی شراکت قائم کی تھی کہ اظہرعلی 53رنز بنا کر مچل جانسن کی گیند پر ڈولان کو کیچ تھما بیٹھے۔اس وقت پاکستان کا مجموعی سکو ر115 رنز تھا۔ یونس خان نے کپتان مصباح الحق کا ساتھ نبھایا اور دونوں نے 85 رنز کی شراکت قائم کی۔ 198رنز کے مجموعی سکور پر یونس خان بھی 25ویں سنچری مکمل کرنے کے بعد 106 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں بھی مچل جانسن نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے 223 گیندوں کا سامنا کیا۔ کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق کریز پر موجود ہیں۔ مصباح 34 جبکہ اسد 9 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔ مچل جانسن نے 22 رنز کے عوض 3 جبکہ پیٹرل سڈل نے 27 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ اوکیفی 49، مارش 18، لیون 78 اور سمتھ 11 رنز کے عوض کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ آج کھیل کا دوسرا دن ہے۔