حب : 8 پنجابی مغوی مزدوروں کو شناخت کے بعد گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا

حب : 8 پنجابی مغوی مزدوروں کو شناخت کے بعد گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا

حب/ لاہور (بی بی سی اردو/ آن لائن/ ثنا نیوز) بلوچستان کے صنعتی علاقے حب میں نامعلوم مسلح افراد نے 8مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد گولی مارکر ہلاک کر دیا جبکہ ایک زخمی ہے۔ ان مزدوروں کی نعشیں گزشتہ روز ملیں۔ لسبیلہ پولیس کے سربراہ بشیر احمد بروہی نے فون پر اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا یہ مزدور حب کے علاقے ساکران میں ایک پولٹری فارم پر کام کر رہے تھے۔ نامعلوم مسلح افراد ہفتہ کے روز اس پولٹری فارم پر آئے تھے اور وہاں کام کرنے والے مزدوروں کو اغوا کر لیا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے حب میں پیش آنے والے اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لیکر ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق قتل ہونے والے افراد کی نعشیں سڑک کنارے سے ملیں۔ تمام افراد پولٹری فارم میں ملازمت کرتے تھے اور انکا تعلق پنجاب کے علاقے رحیم یار خان اور مظفر گڑھ سے تھا۔ ان کو اغوا کرنے کے بعد شناخت کے بعد پہاڑی کے عقب میں لے جاکر گولیاں ماری گئیں۔ آن لائن کے مطابق ڈی پی او لسبیلہ کا کہنا ہے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے لنگ لویار میں مزدور پولٹری فارم پر ہفتہ کے روز کام کررہے تھے کہ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے گیارہ مزدوروں کو اغواءکرلیا۔ جن مزدوروں کا تعلق پنجاب سے تھا انہیں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا اور جن کا تعلق لسبیلہ سے تھا انہیں رہا کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور لیویز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمی مزدور سے مزید پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔ ثنا نیوز کے مطابق جن مزدوروں کو زندہ چھوڑ دیا گیا ان میں سے ایک مزدور عزیر علی زخمی حالت میں ساکران تھانہ پہنچ گیا اور پولیس کو قتل ہونے والے اپنے ساتھیوں کی اطلاع دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ نعشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جام غلام قادر ہسپتال حب لایا گیا جہاں پر جاں بحق ہونے والوں کی شناخت منشی رجب، شفیق احمد، محمد اسلم، شفیق، ناصر، محمد ارشد، شاہ صاحب ساکن رحمی یار خان اور سجاد ساکن مظفر گڑھ کے نام سے ہوئی جبکہ ایک مزدور عزیرعلی زخمی ہوا۔ مزدوروں سائیں بخش اور رحیم بخش جن کا تعلق لسبیلہ سے بتایا جاتا ہے کو زندہ چھوڑ دیا گیا۔ این این آئی کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے حب میں مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ملوث ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ افسوس کا اظہار کیا۔ لاہور سے خبرنگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے حب میں اغوا کے بعد مزدوروں کے قتل کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مجھے مزدوروں کے قتل پر دلی صدمہ ہوا اور میں لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
حب/ مزدور قتل