ضرب عضب: میر علی کا بھی 70 فیصد حصہ دہشت گردوں سے خالی کرا لیا: پاک فوج

ضرب عضب: میر علی کا بھی 70 فیصد حصہ دہشت گردوں سے خالی کرا لیا: پاک فوج

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، میرانشاہ، بویا اور دیگان کو دہشت گردوں سے کلیئر کرانے کے بعد فوج نے میر علی کا 70فیصد بھی دہشت گردوں سے کلیئر کرا لیا ہے جو دہشت گردوں کا دوسرا سب سے اہم ٹھکانا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی میں گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تلاشی کے دوران گزشتہ روز ایمونیشن بنانے والی دو بڑی فیکٹریاں پکڑی گئیں یہاں سے بھاری مقدار میں بارود برآمد کیا گیا۔ دو زیر زمین سرنگوں سے 30ایسی ٹیوبیں برآمد کی گئیں جن کو آئی ای ڈی بنانے کیلئے بارود اور کیمیکل سے بھرا گیا تھا۔ کیمیکل کے 30ڈرم برآمد کئے گئے۔ بویا کے مقام سے پانچ ہزار کلو گرام وزنی آئی ای ڈی (بارودی سرنگ) برآمد کی گئی جسے ماہرین نے دھماکہ سے ناکارہ بنا دیا۔ اس دھماکہ سے پوری شمالی وزیرستان ایجنسی لرز اٹھی۔ بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن ضرب عضب کے آغاز سے اب تک 570سے زائد دہشت گرد مارے گئے ہیں، 98ٹھکانے تباہ کئے گئے۔ آئی ای ڈی بنانے کی 30اور بارود بنانے کی تین فیکٹریاں اور خودکش حملہ آور کے تربیتی مراکز تباہ کئے گئے۔ آپریشن کے دوران ہتھیاروں کی بھاری مقدار، پروپیگنڈا لٹریچر بھی برآمد کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 34سکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ بیان میں امدادی کاموں کی تفصیلات بھی بتائی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ آئی ڈی پیز میں راشن کے ایک لاکھ 52ہزار پیکٹ تقسیم کئے، متاثرین میں عید پیکیج کے 53ہزار بیگ تقسیم کئے گئے، بنوں آرمی ہسپتال میں 37ہزار مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔