کراچی : ٹارگٹ کلرز دندناتے رہے، تھانیدار سمیت 9 افراد قتل
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) کراچی میں منگل کے روز فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات میں تھانیدار اور کانسٹیبل سمیت9افراد جاں بحق 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر 5کے علاقے میں گذشتہ شب موٹرسائیکل سواروں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی جس سے اس میں سوار اے ایس آئی ابراہیم جاں بحق 4 اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس اور رینجرز نے علاقے کا گھیراؤ کرکے حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ اسی علاقے میں 2 افراد عالمگیر اور شاہجہاں کو گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا۔ ادھر بھینس کالونی میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک کانسٹیبل دم توڑ گیا جس کی فوری شناخت کا پتہ نہیں چلا۔ علاوہ ازیں طارق روڈ پر جھیل پارک سے ایک شخص کی گلا کٹی نعش ملی جو قریب واقع سکول کا چوکیدار تھا۔ کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں فائرنگ سے ایک خاتون اور ناظم آباد نمبر دو میں گولیاں لگنے سے نامعلوم شخص ہلاک ہو گیا۔ آلاصف سکوائر میں کارروائی کے دوران رینجرز اور پولیس نے چند روز قبل تاوان کیلئے اغوا کئے گئے تاجر کو بازیاب کرا کر ایک ملزم کو حراست میں لے لیا جو مقامی مسجد کا امام ہے اور کالعدم تحریک طالبان کیلئے کام کر رہا تھا۔ اسے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔گلبہار کے علاقے میں پٹرول پمپ کے قریب فائرنگ سے 2 افراد ایوب اور معین جاں بحق ہو گئے۔