سرکلر ڈیٹ اور فیول ایڈجسٹمنٹ فراڈ کے سوا کچھ نہیں: فرید احمد پراچہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ سرکلر ڈیٹ اور فیول ایڈجسٹمنٹ ایک فراڈ کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ چند مخصوص کمپنیوں اور افراد کو ناجائز اور غیر قانونی فائدے پہنچانے کے لیے عوام پر فیول ایڈجسٹمنٹ کابوجھ ڈالا گیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے ممبران جن میں زیادہ تعداد اپوزیشن ممبران کی ہو ، پر مشتمل خصوصی کمیٹی بنائی جائے جو گزشتہ سالوں میں ادا کیے گئے 1000 بلین روپے کا مکمل آڈٹ کرے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی جیبوں سے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر جو رقم نکلوائی گئی ہے وہ اصل خرید کردہ فیول کی قیمتوں سے کم از کم تین گنا ہے عوام اس ایندھن پر بھی فیول ایڈجسٹمنٹ دے رہے ہیں جو سرے سے خریدا ہی نہیں گیا۔ انہوں نے کہاکہ اب گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے ادا کی جانے والی 322 ارب روپے کی رقم بھی بالآخر عوام کی جیبوں سے ہی نکلوائی جائے گی۔ انہو ں نے عدالت عظمیٰ سے اپیل کی کہ وہ از خود نوٹس لے کر ان غیر قانونی اقدامات کا سلسلہ بند کروائے۔