گوہر ایوب خان کا بیٹے سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان

اسلام آباد (ثناءنیوز) سابق وزیر خارجہ اور سابق سپیکر قومی اسمبلی گوہر ایوب خان نے اعلان کیا کہ وہ اپنے صاحبزادے عمر ایوب سمیت آئندہ چند روز میں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوجائیں گے۔ نجی ٹی وی کے انٹر ویو کے دوران گوہر ایوب خان نے کہا کہ ہم پہلے (ق) لیگ کے ساتھ تھے۔ ان سے اختلافات ہوئے اورہم خیال میں چلے گئے اور ہم خیال کا اتحاد بھی مسلم لیگ (ن) سے ہوگیا لہٰذا آئندہ 10,15 روز میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوجائیں گے۔ میرے نوازشریف کے ساتھ بڑے اچھے تعلقات ہیں۔ ہم اپنے علاقے میں لوگوں سے پوچھتے ہیں کس کے ساتھ جائیں۔ عمران خان یا نواز شریف کے ساتھ تو 95فیصد لوگ کہتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ جائیں۔ (ق) لیگ پنجاب میں چند سیٹیں لے لےگی۔ چند سندھ میں اور ایک آدھ سیٹ خیبر پی کے میں بھی لے سکتی ہے۔ صدر زرداری نے پارٹی کو متحد ضرور رکھا لیکن عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔گوہر ایوب خان نے کہا کہ (ق)لیگ کے بہت سے ارکان اسمبلی جلد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خان کو بھی آئندہ انتخابات میں کمزور نہیں سمجھنا چاہئے۔