وفاقی نظامت تعلیمات کے 423 تعلیمی اداروں میں 3 ہزار آسامیاں خالی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی نظامت تعلیمات کے زیر انتظام 423 سرکاری تعلیمی اداروں میں 3 ہزار آسامیاں خالی ہیں ۔ذرائع کے مطابق ان خالی آسامیوں میں ایک ہزار آسامیاں مستقل اساتذہ کی بھی ہیں ۔ وزارت کیڈ اور وفاقی نظامت تعلیمات کے حکام کی عدم توجہ کے باعث گزشتہ کئی سالوں سے خالی آسامیوں پر بھرتیاں کرنے کے لئے کی گئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جا سکے جس کے باعث تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی قلت اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 2009 میں وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے لئے وفاقی حکومت نے 9500 مستقل اساتذہ کی آسامیوں کی منظوری دی تھی جن میں 8500 اساتذہ بھرتی کئے گئے تھے تاہم ایک ہزار کے قریب اساتذہ کی آسامیاں تاحال خالی ہیں جبکہ ان تعلیمی اداروں میں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کو ملا کر کل 3 ہزار آسامیاں خالی ہیں جس کی وجہ سے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی بے حد متاثر ہو رہی ہے ۔ وزارت کیڈ نے ان آسامیوں کے خلاء کو پورا کرنے کے لئے ڈیلی ویجز تدریسی اور غیر تدریسی عملہ تعینات کیا جن میں سے چند ڈیلی ویجز ملازمین کو سابقہ دور حکومت میں مستقل کر دیا گیا تاہم 2 ہزار ڈیلی ویجز سٹاف آج بھی مستقل ہونے کے انتظار میں ہے ۔ذرائع کے مطابق بعض ایسے تعلیمی ادارے بھی ہیں جن میں 6 سے 7 طلبہ کے لئے ایک ٹیچر ہے جبکہ کچھ ادارے ایسے ہیں جہاں 80 طلبہ کے لئے صرف ایک استاد ہے۔
آسامیاں خالی