سندھ میں تعلیم کے زوال کی وجہ کرپٹ افسران ہیں‘ ایپکا

کراچی (نیوز رپورٹر) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کراچی محکمہ تعلیم اسکولز کا اجلاس کراچی ڈویژن کے صدر توقیر حسین شاہ کی صدارت میں ہوا جس میں کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ملک خورشید احمد قادری‘ محکمہ تعلیم کے صدر محمد افضال خان و دیگر رہنماﺅں سید احسان احمد‘ انور ابڑو‘ اظہر بھٹو‘ محمود خان‘ ایس اے جمال‘ رجب علی میمن‘ سید اشرف علی و دیگر نے سندھ حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم اسکولز کراچی کے کرپٹ افسران کو بحال کرنے پر پُرزور احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں تعلیم کے زوال کا سبب یہ کرپٹ افسران ہی ہیں اگر انہیں بحال کیا گیا تو تعلیمی نظام مزید تباہ و برباد ہو جائے گا۔ ایپکا نے کہاکہ کرپٹ افسران کا احتساب ضرور ہونا چاہئے انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ‘ گورنر‘ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سے اپیل کی کہ بدعنوانیوں اور رشوت کے عوض کی گئی بھرتیوں میں ملوث افسران کو بحال کرنا سندھ میں تعلیم اور قانون کے قتل کے مترادف ہو گا۔