تعلیم کے شعبوں میں بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے
کراچی( اسٹاف رپو رٹر ) تعلیم کے شعبوں میں بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، نجی تعلیمی اداروں میں اے اور Oلیول معیارِ تعلیم اور سرکاری بلدیاتی اسکولوں میں رائج نظام تعلیم اور نجی و بلدیاتی اسکولوں میں سہولیات کا فرق طبقاتی تفریق اور متوسط طبقے کے طالب علموں میں احساس محرومی پیدا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے غازی داﺅد بروھی یونین کمیٹی نمبردس میںمختلف اسکولوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پروائس چیئرمین عبدالخالق مروت ، میونسپل کمشنر عمران اسلم بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر نے اسکولوں میں ہونے والے کام کا بھی جائزہ لیا۔ واضع رہے کہ چیئرمین بلدیہ عالیہ ملیر کی جانب سے 2017 ءکو تعلیمی سال قرار دیتے ہوئے چیئرمین تعلیمی کمیٹی کی زیر نگرانی بلدیہ ملیر کی مختلف یونین کمیٹیوں میں بلدیاتی اسکولوں کی تعمیر و مرمت کے کام جاری ہیں ، جن میں سے کئی اسکولوں میں تعمیر و مرمت کے کام پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔ آئندہ مالی سال میں ہر یونین کمیٹی میں ایک اسکول کو ماڈل بنایا جائے گا۔