امتحانی مراکز پر چھاپوں سے طلبہ کا وقت ضائع ہو رہا ہے‘ متحدہ ارکان اسمبلی
کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شہر کے تعلیمی اداروں میں نقل کی روک تھام کیلئے مثبت اقدامات ضرور کریں لیکن امتحانی مراکز کے دکھاوے کے دورے کر کے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع کرنے سے بھی گریز کریں۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے نقل کی روک تھام کے احکامات کے باوجود شہر میں نقل مافیا سرگرم ہے وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات کے مطابق قائم کی جانے والی چھاپہ مار ٹیموں کی جانب سے شہر کے تعلیمی اداروں میں چھاپوں کے دوران طلبہ کا کافی وقت ضائع ہو رہا ہے انہوں نے کہاکہ امتحانی مراکز پر نقل مافیا کا مکمل قبضہ ہے اور کالجز انتظامیہ ان کے سامنے بے بس ہے۔