انٹر کے امتحانات‘ بدھ کو بھی پرچہ آﺅٹ‘ وزیراعلیٰ کا برہمی کا اظہار

کراچی (رپورٹ: قمر خان) انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے تحت سالانہ امتحانات 2017 ءکے سلسلے میں بدھ کو بھی پرچہ آﺅٹ ہونے کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں جبکہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین نے حسب سابق ایسی اطلاعات کو مسترد کردیا۔دوسری جانب میڈیا پر پیپر آو¿ٹ ہونے اور کھلے عام نقل کی رپورٹ پر بالآخر سندھ حکومت کو بھی ہوش آہی گیاتاہم وزیر اعلیٰ کی جانب سے نقل روکنے کے احکامات کا تمسخر اڑاتے ہوئے انٹر بورڈنے تمام امتحانی سنٹرز کے باہر بینرز آویزاں کرنے کا مضحکہ خیز اقدام تجویز کردیا۔روزانہ پیپر آو¿ٹ سے بیزار ہونہار طلبا نے وزیر اعلیٰ ہاو¿س کے باہر دھرنے کی دھمکی دے دی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امتحانات میں نقل کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور سیکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز نوید شیخ کو ہدایت جاری کی ہے کہ تین دن میں نقل نہ رکنے پر رپورٹ دیں۔ وزیر اعلیٰ ہاو¿س کے اس رد عمل کے جواب میں بورڈ حکام نے ”ایکشن“ لیتے ہوئے ایک رسمی اجلاس منعقد کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام امتحانی سنٹرز پرفوری طور پر بینرز آویزاں کردیئے جائیں جن میں طلبا کو آگاہ کیا جائے کہ امتحانی سنٹرز کے اند الیکٹرانک ڈیوائسز (موبائل فون) یا ایسی کوئی اور اشیاءلے جانا ممنوع ہے۔وزیر اعلیٰ ہاو¿س کے بیان آنے کے کچھ ہی دیر بعد دوپہر کی شفٹ میں ہونے والے کامرس ریگولر و پرائیوٹ گروپ کا پرنسپل آف ہوم اکنامکس پارٹ ون کا پرچہ بھی آﺅٹ ہوگیا۔ روزانہ پرچہ آﺅٹ ہونے سے ہونہار طلبا و طالبات کا مستقبل داو¿ پر لگ گیا کیونکہ نقل مافیا کی خدمات لینے والے امیدوار زیادہ نمبر لیکر پروفشنل کالجوں کی سیٹوں پر قابض ہو جائیں گے۔ امتحانی مراکز کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلبا نے وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ انہیں پرچہ آﺅٹ ہونے کے عذاب سے نجات دلائی جائے۔