طلبہ کو نقل کی اجازت دینے والے معاشرہ کا ناسور ہیں‘ ارشد وہرہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ امتحانی مراکز پر طلبہ و طالبات کو نقل کی اجازت دینے والے عناصر معاشرے کے لئے ناسور ہیں لہٰذا ایسے افراد کے خلاف فوری اور سخت ترین کارروائی ہونی چاہئے تاکہ ہمارے نوجوانوں کا مستقبل دائو پر لگانے والے اپنی کوششوں میں ناکام رہیں اور صرف وہی طالب علم کامیاب ہوں جو اس کی اہلیت اور مسلسل محنت پر یقین رکھتے ہوں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ناظم آباد کے امتحانی مرکز پر اچانک پہنچ کر امتحانی عمل کا جائزہ لینے کا مقصد بھی یہی تھا کہ امتحانات میں نقل کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے اور جو لوگ ان حرکات میں ملوث ہیں ان کی نشاندہی کی جائے، انہوں نے کہا کہ اس دوران انہوں نے یا ان کی ساتھ جانے والے افراد میں سے کسی نے کوئی منفی رویہ اختیار کیا یا نہ ہی کسی کو دھمکیاں دی گئیںبلکہ صرف بورڈ انتظامیہ کو اس امتحانی مرکز پر ہونے والی نقل سے آگاہ کیا گیا ، ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ کراچی اور خاص طور پر ضلع وسطی میں تعلیم یافتہ افراد کا تناسب سب سے زیادہ ہے اور یہاں کے عوام انتہائی باشعور ہیں اور وہ اپنے برے بھلے کے متعلق خوب اچھی طرح جانتے ہیں۔