راولپنڈی کے1823 سرکاری سکولوں میں سے200 سے زیادہ کی عمارتیں انتہائی خطرناک قرار

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) محکمہ تعلیم راولپنڈی نے ضلع کے ایک ہزار823 سرکاری سکولوں میں سے دو سو سے زیادہ کی عمارتیں انتہائی خطرناک قرار دے دیں جس کی دوبارہ تعمیر کیلئے بجٹ مانگ لیا گیا یہ بجٹ نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ملنے کا امکان ہے اس ضمن میں چیف ایگزیکٹو افسر قاضی ظہورالحق نے بتایا کہ ڈینجرس قرار دی گئی عمارتوں کی نئی تعمیرات ہوں گی جبکہ سکولوں میں دیگر مینٹی ننس کے کام بھی ہو رہے ہیں اور نئے مالی سال میں بھی انہیں جاری رکھنے کیلئے جب بجٹ ملے گا تو مینٹی ننس کا کام جاری رکھا جائے گاایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضلع راولپنڈی کو نئے بھرتی کئے گئے ایجوکیٹرز کو تقرر نامے دینے کیلئے باضابطہ احکامات نہیں ملے وہ جیسے ہی ملیں گے ہم انہیں تقرر نامے جاری کردیں گے جبکہ اس وقت اچانک ضلع میں شعبہ تعلیم کے ملازمین نے جن میں اساتذہ بھی شامل ہیں اپنے تبادلوں کیلئے رش بنا دیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اس ضمن میں نہ تو تبادلوں پر سے پابندی اٹھی ہے اور نہ ہی حکومت کی طرف سے کوئی پالیسی ملی ہے ۔