ٹاﺅن شپ: 80 گھروں میں بجلی چوری پکڑی گئی

لاہور (نیوز رپورٹر) ایس ای سیکنڈ سرکل اسد اللہ کی زیرنگرانی سنٹرل سرکل ٹاسک فورس کے انچارج محمد عمران‘ انٹیلی جنس انسپکٹر لیاقت علی‘ ایس ڈی او واپڈاٹاﺅن شہزاد چٹھہ نے ٹاﺅن شپ کے علاقہ باگڑیاں میں بجلی چوروں کے خلاف گرینڈآپریشن کیا جس میں شہباز جٹ نامی شخص نیٹ ورک بنا کر تقریباً 80 گھروں کو بجلی چوری کروا رہا تھا۔ اس کے علاوہ بشیر غفاری‘ محمد امین‘ غلام نبی‘ مقصود احمد فیروز پارک میں بجلی چوری کروا رہے تھے۔ صلاح الدین بھی بجلی چوری میں ملوث پایا گیا۔ ایس ای اسد اللہ نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف سخت ایکشن جاری رہے گا اورکسی بھی قسم کا دباﺅ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بجلی چور معاشرے کیلئے ناسور بن چکے ہیں۔ ان کو پکڑکر ملکی سرمائے کا تحفظ کیا جائے گا۔ بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز بھیج دی گئی ہیں اور لاکھوں کے بل ڈال دیئے گئے۔