سمبڑیال کی گھمن فیملی آج تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریگی

لاہور (خصوصی رپورٹر) سمبڑیال سیالکوٹ کا معروف سیاسی گھرانہ گھمن مسلم لیگ ق چھوڑ کر آج (جمعہ کو) تحریک انصاف سے اپنا سیاسی کیریئر وابستہ کر لے گا۔ اس خاندان میں سب سے بڑے بھائی بریگیڈیئر اسلم گھمن آئی ایس آئی پنجاب کے کمانڈر اور محکمہ انٹی کرپشن کے ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی چودھری عظیم نوری گھمن پنجاب اسمبلی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں۔ وہ مسلم لیگ (ق) کے چوٹی کے رہنما رہے اور دو مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی رہے۔ الیکشن 2013ءمیں چودھری عظیم نوری گھمن نے مسلم لیگ (ق) کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ کر دوسری پوزیشن حاصل کی اور 30 ہزار سے زائد ووٹ لئے تھے۔ گھمن خاندان کے افراد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ پر آج جمعہ کو ان کی موجودگی میں شامل ہونے کا اعلان کرینگے جبکہ اس موقع پر تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی، وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی، سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین، صدر پنجاب اعجاز چودھری بھی موجود ہونگے۔ گھمن فیملی کے چودھری خاندان سے دیرینہ تعلقات رہے ہیں تاہم ان کو مسلم لیگ (ق) سے توڑ کر تحریک انصاف میں لانے کا سہرا جہانگیر ترین اور اعجاز چودھری کے سر ہے۔ گھمن برادران کی تحریک انصاف میں شمولیت سے پارٹی کو سیاسی طور پر ضلع سیالکوٹ میں خاصی تقویت ملے گی۔
گھمن فیملی