جعلی ڈگری کیس: 2 سابق خواتین ممبران اسمبلی کو آخری نوٹس جاری

لاہور(اپنے نامہ نگار سے)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور سید حامد حسین شاہ نے جعلی ڈگری کیس میں ملوث 2سابق ممبر صوبائی اسمبلی صائمہ عزیز اور افشاں فاروق کے خلاف دفعہ 87/88کے تحت مفرور قرار دینے کی کارروائی کرتے ہوئے نوٹس آخری موقع چسپاندگی کے احکامات جاری کردیے ہیں۔فاضل عدالت نے مذکورہ مقدمہ کی سماعت 21دسمبر2013تک ملتوی کردی ہے تاہم آئندہ سماعت پر مذکورہ ملزمان کے خلاف عدالت کی جانب سے انہیں اشتہاری قراردیے دیا جائے گا۔استغاثہ کے مطابق تھانہ اسلام پورہ پولیس نے بی اے کی جعلی ڈگری پر منتخب ہونے والی سابق ایم پی اے افشاں فاروق کے خلاف مقدمہ نمبر85/12جبکہ سابق سابق ایم پی اے ملزمہ صائمہ عزیز کے خلاف 86/12درج کررکھا ہے تاہم مذکورہ ملزمان عدالتی طلبی کے باوجود پیش نہیں ہورہی تھیں۔
 جس پرگزشتہ روز سماعت کے بعدفاضل جج نے مذکورہ بالا احکامات جاری کردیے ہیں۔