ترکی پاک بحریہ کے لئے 17 ہزار ٹن وزنی فلیٹ ٹینکر تعمیر کرے گا

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترکی پاک بحریہ کے لئے سترہ ہزار ٹن وزنی فلیٹ ٹینکر تعمیر کرے گا۔ فلیٹ ٹینکر کی سٹیل کٹنگ کی تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان میں ترکی کے سفیر، وائس چیف آف نیول سٹاف وائس ایڈمرل محمد ذکاءاللہ، ترک دفاعی صنعت کے انڈر سیکرٹری جناب مراد بیار، سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) تنویر طاہر، اہم ترک مندوبین اور ترکی اور پاکستان کے اعلیٰ سول اور فوجی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاک بحریہ کا یہ فلیٹ ٹینکر بنیادی طور پر جہازوں کے لئے مائع اور خشک کارگو کی ترسیل کے لئے ہے۔ یہ جہاز، ہیلی کاپٹر کے ذریعے دشمن کی آبدوز اور جہاز کو نشانہ بنانے کا کام بھی انجام دے سکتا ہے۔ یہ جہاز پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل جہازوں کے عملے کو طبی سہولیا ت فراہم کرنے کے لئے جدید ترین آلات سے آراستہ ہے اور کسی بھی سانحے کی صورت میں مدد بھی فراہم کر سکتا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مہمان خصوصی نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی کہ جہاز سازی کے تمام آرڈرز شپ یارڈ کو دئیے جائیں گے تاکہ یہ بدستور ترقی کی جانب گامزن رہے۔ قبل ازیں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے مینجنگ ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں وزارت دفاعی پیداوار اور بالخصوص پاک بحریہ کی سرپرستی کا شکریہ ادا کیا۔
فلیٹ ٹینکر