مشرق وسطیٰ کے مسئلے کے حل کےلئے بھرپور کوشش کا وقت آ گیا ہے: برطانوی وزیرِ خارجہ


لندن (آن لائن) برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مسئلے کو حل کرنے کے لئے امریکہ ’موثر رہنمائی‘ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے مسئلے کے حل کے لئے بھرپور کوشش کا وقت آ گیا ہے۔بی بی سی کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے ولیم ہیگ نے کہا کہ امریکہ کے اسرائیل کے ساتھ خصوصی تعلقات ہیں جو کسی اور ملک کے نہیں اور اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے امریکہ کو اب انتخاب کے بعد اس مسئلے پر رہنمائی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مسئلے کے حل میں یقیناً یورپی یونین اور عرب ممالک کا بھی کردار ہے اور ان کی کوشش بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے مسئلے کے مستقل حل کے لئے شاید دو ریاستی فارمولے پر عمل کا اب آخری موقع ہے۔ولیم ہیگ کا کہنا ہے کہ ہم کہہ سکیں گے کہ غزہ کے تکلیف دہ بحران کے بعد ’کچھ بہتری‘ ہوئی ہے اگر غزہ آنے اور جانے کا راستہ کھولنا ممکن ہوجائے اور علاقے میں اسلحہ کی سمگلنگ رک جائے۔