شکارپور: جرگے کا تین بچیاں مخالف فریق کو دینے کا فیصلہ


شکار پور (نوائے وقت نیوز) شکار پور میں جتوئی برادری کے دو گروپوں میں صلح کرانے کےلئے جرگے منعقد کیا گیا۔ جرگے نے ملزم کو تین بچیاں مخالف فریق کو دینے اور دو لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ سنا دیا۔ ذرائع کے مطابق جرگہ شکارپور میں تھانہ رستم کی حدود میں واقع گوٹھ مومن کرسی میں منعقد کیا گیا جس میں جرگہ کے سرکردہ سربراہوں نے ایک شخص امان اللہ جتوئی کو سزا سنائی کہ وہ مخالفین کو تین بچیاں اور دو لاکھ روپے جرمانے کے طور پر ادا کرے گا۔بچیوں میں امان اللہ کی 4 اور 6 سالہ دو بیٹیاں اور ایک 9 سالہ بھتیجی شامل ہے۔ امان اللہ پر الزام تھا کہ مخالف فریق وحید جتوئی کی بیوی سے اس کے مراسم تھے۔ وحید اپنی بیوی کو قتل بھی کرچکا ہے۔ ایس ایس پی شکار پور پرویز چانڈیو کا کہنا ہے کہ جرگے سے متعلق اطلاعات ملی ہیں جس کی تحقیقات کررہے ہیں۔