برطانیہ میں موسلادھار بارشیں، دو افراد ہلاک، سینکڑوں گھر زیر آب


لندن (اے پی پی) برطانیہ میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے انگلینڈ اور ویلز میں دو افراد ہلاک اور 800 سے زائد گھر زیر آب آگئے۔ مقامی حکام کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں بارش کا سلسلہ گذشتہ بدھ سے شروع ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص گرنے والے ایک درخت کے نیچے آ کر ہلاک جبکہ ایک شخص اپنی گاڑی سمیت سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔مذکورہ واقعات جنوب مغربی شہر ایکسٹر اور سمرسٹ میں پیش آئے ہیں۔ برطانوی پولیس کے مطابق سیلاب سے مل بروک میں ڈیڑھ فٹ پانی کھڑا ہے جس سے 16 گھر متاثر ہوئے ہیں۔ کارن وال اور ڈیون کی گلیاں بھی سیلابی پانی سے بھر گئی ہیں اور لوگوں کو وہاں سے پانی کی سطح بلند ہونے کے خدشے کی وجہ سے نکالا جا رہا ہے۔ برطانوی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی ہے۔