اسرائیل کیساتھ جنگ بندی کی خلاف ورزی گناہ ہو گی: غزہ کے عالم دین کا فتویٰ


غزہ پٹی (آن لائن) غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے ایک معروف عالم دین نے ایک فتویٰ جاری کیا ہے جس میں انھوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان حال ہی میں طے پائے جنگ بندی کے سمجھوتے کی خلاف ورزی کو گناہ قرار دیا ہے۔عالم دین سلیمان الضیاء نے ہفتے کی رات یہ فتویٰ جاری کیا ہے۔اس سے جنگ بندی کے سمجھوتے کو مذہبی جواز بھی حاصل ہو جائے گا اور غزہ میں حماس کی حکومت اس کے نفاذ کے لئے کوئی بھی اقدامات کر سکے گی۔
اس فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ مصری بھائیوں کی ثالثی میں طے پائی جنگ بندی کی پاسداری ہم سب کا فرض ہے۔ اس کی خلاف وزری گناہ ہو گی۔ اس سے پہلے غزہ میں حماس کے وزیر اعظم اسماعیل حانیہ نے بھی ایک بیان میں تمام فلسطینی مزاحمتی تنظیموں پر زور دیا تھا کہ وہ جنگ بندی سمجھوتے کی پاسداری کریں۔